blog

کھجور کے درخت لگائیے

  • Date:

    Aug 01 2022
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Events

درخت اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہیں۔ انسان کی بنیادی ضرورت آکسیجن سے لے کر طرح طرح کے لذیز پھل حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں ۔درخت ماحولیاتی آلودگی سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ ویسے تو ہر درخت کی اپنی افادیت ہے لیکن اس ضمن میں کھجور کے درخت خاص طور پر قابل ذکر ہیں ۔

کھجورایک طاقت بخش اور لذیذ غذا ہے ،جس کا استعمال دنیا بھر میں کیا جاتا ہے بالخُصوص رَمَضانُ المبارک میں اس کا استعمال مسلم مَمالک میں نمایاں طور پر سامنے آتاہے۔ افطار کے وقت شاید ہی کوئی ایسا دسترخوان ہو جس میں کھجور موجود نہ ہوتی ہو۔کھجور ہمارے پیارے آقا ﷺم کو بھی بہت پسند تھی۔ آئیے! کھجور کے کچھ خواص اور فوائد جانتے ہیں ۔

تین فرامینِ مصطفےٰ ﷺ

1.نَہار منہ کھجور کھانےسےپیٹ کے کیڑے مَر جاتے ہیں۔ (جامع صغیر،ص398 حدیث:6394)

2.عجوہ کھجور جنّت سے ہے،اس میں زہر سے شِفا ہے۔ (ترمذی،ج4ص17، حدیث:2073)

3.کھجور کھانے سے قولنج (یعنی بڑی انتڑی کا درد Colic Pain) نہیں ہوتا۔ (کنزالعمال،ج10ص12، حدیث:28191)

کھجور کے طبی فوائد

1)امام ذَہبی علیہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: حاملہ کو کھجوریں کھلانے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ لڑکا پیدا ہوگا جو کہ خوبصورت، بُردبار اور نرم مِزاج ہوگا۔(مدنی پنج سورہ، ص356)

2)کھجور کے ساتھ کھیرا یا ککڑی ملا کر کھانے سے جسمانی کمزوری اور دُبلاپَن دور ہوتا ہے۔

3)کھجور کو دودھ میں اُبال کر کھانا بہترین مُقَوِّی (یعنی طاقت دینے والی) غذا ہے۔

4)پیلا یرقان (یعنی پیلیا) کیلئے بہترین دَوا ہے۔

5)رات کو کھجور بھگو کر صبح اس کے پانی کا استعمال دل کے دورے (Heart attack) و دیگر امراضِ قلب کا انتہائی کامیاب اور سَستا علاج ہے۔

6)پکی ہوئی کھجوروں کو پانی میں بھگو کر ان کا پانی پیا جائے تو پیچش(Dysentery) ختم، معدے اور آنتوں میں صَفْرا کی زیادتی کم ہوجاتی ہے، اس کے علاوہ معدے اور آنتوں کے زخم،اَلسَر اور سوزِش کے لئے بھی کھجور کا پانی پینا بہت فائدہ مند ہے۔

7)کھجور کی گٹھلی یا چھال کو جلا کر اس کی راکھ زخم پر ڈالنے سےخون آنا بند ہوجاتا ہے۔

8)کھجور کے درخت سے گوند نکلتی ہے جو آنتو ں ،گُردوں،پیشاب کی نالیوں کی سوزش اور بیرونی چوٹوں کے لئے مفید ہے۔

9)قوتِ حافظہ اور اعصابی کمزوری کا نسخہ 5عددکھجوریں اور 10عدد بادام ایک گلاس دودھ میں گرائنڈ کرکے (یعنی ملک شیک بنا کر) پینا قوتِ حافظہ کا بہترین نسخہ ہے نیز جسمانی اور اعصابی کمزوری میں ہر عمر کے افراد کے لئے بہت مفید ہے۔

کھجور استعمال کرنے کی احتیاطیں

1.ایک وقت میں 5 تولہ (تقریباً60گرام)سے زیادہ کھجوریں نہ کھائیں۔

2.پرانی کھجوریں کھاتے وقت کھول کر اندر سے دیکھ لیجئے کیونکہ اس میں بعض اوقات سُرسُریاں(چھوٹے چھوٹے لال کیڑے)ہوتی ہیں ۔

3.بعض بیچنے والے چمکانے کے لئے سرسوں کا تیل لگاتے ہیں نیز مکھیوں کی بِیٹ وغیرہ بھی لگی ہوتی ہے لہٰذا کھجور ہمیشہ دھوکر ہی استعمال فرمائیے۔(ماخوذ از مَدَنی پَنج سُورہ،ص359)

الحمد للہ عزوجل دعوت اسلامی کے اہم شعبہ FGRFکے تحت 1اگست سے پاکستان اور دنیا بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔امت محبوب ﷺ کی خدمت کے جذبے سے دنیا کے مختلف مقامات پر درخت لگائے جائیں گے ۔ یہ مہم 2 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم میں نہ صرف پودا لگایا جائے گا بلکہ پودے کو صحتمند اور تناور درخت بنانے کے لئے ضروری تقاضوں کو بھی پوارا کیا جائے گا ۔ حفاظت اور دیکھ بھال کے لئے بھی انتظامات کئے جائیں گے ۔اپنے علاقے،شہر اور ملک کو آلودگی سے بچانے نیز ترو تازہ ماحول میں سانس لینے کے لئے اس مہم میں ضرور اپنا حصہ ملائیں ۔اچھی نیتوں کے ساتھ شرکت کیجئے ۔دنیا میں لگایا گیا درخت ان شاء اللہ جنت میں بھی پھل کے حصول کا سبب بنے گا ۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment