blog

اسلام میں ’’بدلہ‘‘

  • Date:

    Dec 17 2019
  • Writer by:

    Social Media Dawateislami
  • Category:

    Islamic Culture


شروع ِ اسلام سے کافر مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھاتے رہے، دن رات، صبح و شام ہر وقت مسلمانوں کو ستانے میں لگے رہے، کسی کو شہید کیا، کسی کو تپتی ریت پر گھسیٹا، کسی کوانگاروں پر لٹایا، کسی کو کوڑے مارے، کسی کا راہ چلتے مذاق اڑایا، مسلمانوں کو ان کے گھروں سے ہجرت پر مجبور کردیا، ان کے کاروبار ختم کردئیے، انہیں ان کے رشتے داروں سے جدا کردیا۔

پھر جب حالات تبدیل ہوئے اور مسلمانوں کو غلبہ ملا ، طاقت ملی ، افرادی قوت ملی اور ان تمام واقعات کی تلخیاں مسلمانوں کے دلوں میں موجود بھی تھیں ، مسلمانوں کو بھرپور بدلہ لینے کا موقع مل رہا تھا تو اس بات کا امکان تھا کہ مسلمان بھی بدلہ لینے میں اپنے جذبہ انتقام کو بھر پور طریقے سے پورا کرتے اور بدلہ لینے میں حد سے بڑھ جاتے۔۔۔ تو اللہ پاک نے مسلمانوں کو تعلیم ارشاد فرمائی اور سورہ بقرہ کی آیت نمبر 194 نازل ہوئی ۔۔۔

فَمَنِ اعْتَدٰی عَلَیۡکُمْ فَاعْتَدُوۡا عَلَیۡہِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدٰی عَلَیۡکُمْ۪ وَاتَّقُوا اللہَ وَ اعْلَمُوۡۤا اَنَّ اللہَ مَعَ الْمُتَّقِیۡنَ﴿اٰلبقرہ : ۱۹۴

ترجمۂِ کنزُالعِرفان : توجو تم پر زیادتی کرے اس پر اتنی ہی زیادتی کرو جتنی اس نے تم پر زیادتی کی ہواور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ اللہ ڈرنے والوں کے ساتھ ہے۔

یعنی اللہ پاک  نے مسلمانوں کو سمجھادیا کہ تم پر جنہوں نے زیادتیاں کی ہیں تمہیں ان سے بدلہ لینے کا اختیار تو دیا جارہا ہے لیکن تم اتنا ہی بدلہ لے سکتے ہو جتنی انہوں نے تم پر زیادتی کی ، اس سے زائد کی تمہیں ہرگز اجازت نہیں۔

لہٰذا بدلہ لینے میں بھی تقویٰ اور خوفِ خدا کو پیشِ نظر رکھو اور یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ کا قرب اسی کو نصیب ہوگا جو ہر حال میں تقویٰ اختیار کرے گا۔

واہ ۔۔۔ سبحان اللہ ۔۔۔ کیا حسین تعلیم ہے اور کیا پاکیزہ تربیت ہے ۔۔۔!

جس وقت جذبات مچل رہے ہوں ، جذبہ انتقام جوش مار رہا ہو، دشمن قبضے میں آنے ہی والا ہو، غلبہ حاصل ہوا ہی چاہتا ہو اس وقت بھی تقویٰ کا ،عدل و انصاف کا درس دیا جارہا ہے، زیادتی کرنے سے منع کیا جارہا ہے۔

کیا روئے زمین پر کوئی دوسرا ایسا دین یا قانون ہے جو اپنے ماننے والوں کو اس طرح کے اعلیٰ اخلاق اور پاکیزہ کردار کا درس دیتا ہو؟ ہرگز نہیں۔ یقینا یہ صرف اسلام ہی ہے۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں اور ہماری نسلوں کو دین ِ اسلام کی تعلیمات پر چلنے اور اسی دین میں رہتے ہوئے ایمان پر موت نصیب فرمائے ۔ آمین

Share this post:

(0) comments

leave a comment