blog

لاکھوں کروڑوں درود پاک

  • Date:

    Aug 20 2021
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    فضائل

لاکھوں کروڑوں درود پاک

جب آپ کبھی گنبد خضراء کا تصور باندھ کر نظریں جھکائے ہاتھ باندھے امام عاشقین سیدی اعلی حضرت کا مشہور زمانہ سلام ”مصطفٰی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام“ یا ”کعبے کے بدرالدجی تم پہ کروڑوں درود“ پڑح کر ہٹیں تو ہو سکتا ہت کہ آپ کے ذہن میں یہ سوال آئے کہ ہم نے جو صلوۃ و سلام پڑھا اس کا ایک ہی مرتبہ پڑھنے کا ثواب ہاتھ آیا یا جو ہم نے لاکھوں کروڑوں درود بھیجے ہیں ان سب کا ثواب ملا ہو گا ۔۔۔۔؟

ویسے سوال کافی دلچسپ ہے۔۔۔ آئیے پھر جواب لینے کے لئے علمائے کرام کی بارگاہ میں چلتے ہیں ۔۔۔

اس معاملے میں جب دور جدید کے نئے مسائل کے محقق حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین رضوی مدظلہ العالی کی بارگاہ میں جاتے ہیں تو ان کا تصدیق ایک فتویٰ ہمیں ملتا ہے جس میں سوال کچھ یوں ہے کہ ؛

سوال:

محض ایک بار ”مصطفٰی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام“ اور ”کعبے کے بدرالدجی تم پہ کروڑوں درود“ کہنے سے حضور سرورِ عالَم ﷺ پر لاکھوں سلام اور کروڑوں درود پہنچ جاتا ہے..؟

اس پر جو جواب عطا فرمایا گیا وہ یہ ہے کہ ؛

الجواب:

محض ایک بار ”مصطفٰی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام“ اور ”کعبے کے بدرالدجی تم پہ کروڑوں درود“ کہنے سے حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر لاکھوں سلام اور کروڑوں درود پہنچ جاتا ہے۔(فتاوی مرکزِ تربیتِ افتا، ج2، ص349، 351، فقیہ ملت اکیڈمی، الہند)

اب آئیے پرانے دور کے بڑے علمائے کرام کی طرف چلتے ہیں ؛

ان میں سے علامہ ابن حجر ہیتمی مکی رحمۃاللہ تعالٰی علیہ تحریر فرماتے ہیں: ”فرمان مصطفٰی ﷺ ہے: ”جس نے مجھ پر پچاس مرتبہ درود پاک پڑھا میں کل بروزِ قیامت اس سے مصافحہ فرماؤں (یعنی ہاتھ ملاؤں) گا“

حضرت ابو مطرف رحمۃاللہ تعالٰی علیہ سے پوچھا گیا کہ پچاس مرتبہ پڑھنے کا طریقہ کیا ہے..؟ فرمایا: ”اگر کوئی یوں کہے ”اللھم صل علی محمد خَمْسِیْنَ مَرَّۃ“ یعنی: اے اللہ حضور اکرم ﷺ پر پچاس مرتبہ درود بھیج، تو ان شاءالله یہ پچاس مرتبہ کے لیے کافی ہوگا، اور اگر ایک ایک کر کے پچاس مرتبہ پڑھے تو یہ زیادہ بہتر ہے۔

علامہ ہیتمی رحمۃاللہ تعالى علیہ مزید لکھتے ہیں: ”ان کی اس بات کی تائید اس حدیث پاک سے بھی ہوتی ہے کہ رحمتِ عالَم ﷺ نے اپنی ایک زوجہ مطہرہ کے پاس سے گزرتے ہوئے انہیں دیکھا کہ تسبیح پڑھ رہی ہیں اور کنکریوں کے ذریعے شمار کر رہی ہیں، اس پر نبی پاک ﷺ نے فرمایا: ”میں ایک کلمہ بتاتا ہوں جو تمہاری پڑھی ہوئی تمام تسبیحات کے برابر ہے، وہ یہ ہے: «سبحان اللہ وبحمده عَدَدَ خَلْقِهِ» یعنی: اللہ کی پاکی اور اس کی حمد اتنی تعداد میں جتنی مخلوق کی تعداد ہے“

یہ حدیث پاک اس بات کی واضح دلیل ہے کہ جس نے یوں کہا: «اللھم صل علی محمد اَلْفَ مَرَّۃٍ» یا یوں کہا: «اللھم صل علی محمد عَدَدَ خَلْقِکَ» یعنی: اے اللہ حضور ﷺ پر ایک ہزار مرتبہ درود بھیج، یا اپنی مخلوق کے برابر درود بھیج، تو اس کے نامہ اعمال میں اس ایک جملے کے بدلے میں ایک ہزار درود پاک یا تمام مخلوق کے برابر درود پاک لکھے جائیں گے۔(الدُرُّ المَنضود، ص179، 180، دارالمنھاج)

تو جھوم جائیے اور خوب جھوم جھوم کر پڑھیں ؛

”مصطفٰی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام“

یا

”کعبے کے بدرالدجی تم پہ کروڑوں درود“


Share this post:

(0) comments

leave a comment