blog

مہنگائی کا طوفان

  • Date:

    Jul 04 2022
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Islam

ہم پاکستانی اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر ہے ہیں ۔مہنگائی کے اس خطرناک طوفان نے    ہر ایک کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔بنیادی ضروریات کو پورا کرنا بھی دشوار ہوچکا ہے ۔ہر شخص کے ذہن میں صرف ایک ہی سوال پیدا ہو رہا ہے کہ آخر ان مشکل حالات کا سامنا کیسے کیا جائے ؟ یہ سوال اب بہت اہم ہوتا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے چند تجاویز پیش خدمت ہیں۔

1.اپنی اپنی زندگیوں کو انفرادی سطح پر ری شیپ کرنا شروع کر دیں۔ یہ بات یاد رکھیں معیشت بچت اور گزارے کا نام نہیں ہوتا۔ یہ آمدنی یعنی ارننگ کا نام ہے لہٰذا آپ فوری طو رپر بچت کے موڈ سے نکل کر کمائی کے فیز میں آ جائیں۔ آپ کے خاندان کے کم از کم آدھے افراد کو کمانا چاہیے۔آپ کے بچے اگر تعلیم حاصل کر رہے ہیں یا چھوٹے ہیں تو بھی انھیں کمانا چاہیے۔یہ فالتو وقت میں کوئی نہ کوئی اسکل سیکھیں اور چند ہزار روپے ہی سہی لیکن کچھ نہ کچھ ضرور کمائیں۔ آپ خود بھی وقت ضایع کرنے کی بجائے اپنی آمدنی میں اضافے کا بندوبست کریں۔

2.بلاوجہ سرمایہ کاری بند کر دیں۔پلاٹس اور پرائز بانڈز میں پیسے پھنسانے کی بجائے آپ یہ رقم اپنے خاندان کی صحت اور ٹریننگ پر لگائیں تاکہ آپ لوگ مزید کما سکیں۔

3.خوراک کا مستقل بندوبست کر لیں۔ آپ کے پاس اگر زمین یا کوئی پلاٹ موجود ہے یا پھر اللہ نے آپ کو لان دے رکھا ہے تو آپ اس میں سبزیاں، فروٹ اور اناج کاشت کر لیں۔اس سے آپ کا کچن خود مختار ہو جائے گا۔ آپ مرغیاں، بکریاں اور گائے بھی ضرور پالیں۔ آپ اگر یہ کام اکیلے نہیں کر سکتے تو تین چار ہمسائے مل کر کر لیں۔اس سے آپ کا معاشی بوجھ کم ہو جائے گا۔ چار گاڑیاں بلاوجہ چلانا بند کر دیں۔اللہ نے آپ کو بہت کچھ دیا ہوگا۔ آپ ہزار روپے لیٹر پٹرول بھی خرید سکتے ہوں گے لیکن آنے والے دنوں میں پٹرول کی قیمت اتنی اہم نہیں ہو گی جتنا اہم پٹرول ہو گا۔ملک میں اگر پٹرول ہو گا تو آپ خریدیں گے ورنہ آپ کو بھی لائن میں لگنا پڑے گا چناں چہ آپ پٹرول کی بچت کو آج سے عادت بنا لیں۔آپ نفسیاتی پریشر سے بچ جائیں گے۔

4.بجلی اور پانی کی بچت بھی شروع کر دیں۔ہم بیس سال پہلے تک اے سی کے بغیر ٹھیک ٹھاک زندگی گزار رہے تھے۔آج ایسا کیوں ممکن نہیں؟ بجلی کی قیمت عنقریب چالیس روپے یونٹ تک پہنچ جائے گی۔آپ اس وقت اے سی بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔آپ آج سے یہ کام کیوں شروع نہیں کرتے تاکہ آپ کو کل زیادہ تکلیف نہ ہو

5.توانائی اور خوراک کے متبادل نظام کی طرف جائیں۔سولر پینل لگائیں۔خشک ایندھن کا بندوبست کر لیں۔گھروں کی انسولیشن کرا لیں۔ دوپہر کو گھر میں آرام کریں تاکہ گرمی اور سردی کم لگے اور آپ دن میں تین بار کھانا پکانے کی بجائے صرف ایک بار پکائیں اور یہ جب تک مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا آپ چولہا نہ جلائیں۔ ملک اور آپ دونوں معاشی بحران سے نکل جائیں گے۔

ان تجاویز پر عمل کر نے کے ساتھ قناعت اختیار کریں ۔ یہاں یہ بات ذہن نشیں رہے کہ ہاتھ پہ ہاتھ دَھرے بیٹھے رہنا قناعت نہیں بلکہ کوشش کے بعد ملنے والی روزی کو کافی سمجھنا قناعت ہے۔ہمارے پاس لاتعداد ایسی نعمتیں ہیں جن سے بہت سے لوگ محرو م ہیں۔ قناعت سے متعلق ہمارے پیارے آقا ﷺ نے فرمایا :خوشخبری ہے اس کیلئے جو اسلام لایا اور اسے بقدرِ کفایت روزی دی گئی اور اس نے اس پر قناعت کی۔(ترمذی،ج4،ص156، حدیث:2356)

Share this post:

(0) comments

leave a comment