blog

مساجد کی آباد کاری میں دعوت اسلامی کا کردار

  • Date:

    Sep 05 2022
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Events

اللہ پاک کے آخری نبی مکی مدنی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ہجرتِ مدینہ کے دوران اسلام کی جو سب سے پہلی مسجد قائم فرمائی اسے مسجدِ قبا کے نام سے جانا جاتا ہے، مسجد قبا سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ اسلام کے پھیلنے کے ساتھ بڑھتا رہا اور اَلحمدُ للہ آج دنیا بھرمیں لاکھوں مساجد موجود ہیں۔ خود سلطانِ دوجہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اور صحابۂ کرام و بزرگانِ دین نے تعمیرِ مسجد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بزرگانِ دین کی روش پر چلتے ہوئے اَلحمدُ للہ عاشقانِ مساجد کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی بھی اپنے قیام سے لے کر اب تک دنیا بھر میں کثیر مساجد تعمیر کرچکی ہے، قیامِ مساجد کا یہ سلسلہ جوکہ تاحال جاری ہے اِن شآءَ اللہُ العزیز تاقیامت جاری رہے گا۔

قیامِ مسجد کے مقاصد: یاد رکھیں کہ مسجدیں صرف اور صرف نمازِ پنج گانہ کی ادائیگی کے لئے نہیں بلکہ اور بھی کئی دینی اعمال ہیں جو مسلمانوں کو مسجد میں سر انجام دے کر، مسجد کی آباد کاری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وہ اعمال یعنی قیامِ مسجد کے مقاصد کیا ہیں؟ نماز کے علاوہ اور کون سے امور ہیں جو مساجد میں سر انجام دئیے جائیں؟ اس سلسلے میں پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور صحابۂ کرام کی جانب سے مسجدِ نبوی میں وقوع پذیر ہونے والی سرگرمیاں مسلم امت کے لئے آئیڈیل ہیں: ٭معلمِ کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم یہیں اصحابِ صُفّہ کو تعلیم دیتے جوکہ اسلامی تاریخ کی پہلی درس گاہ بھی ہے ٭مسجدِ نبوی میں علمی مکالمے ہوا کرتے ٭مسلمانوں کی اصلاحی اور تعمیری سرگرمیاں یہیں انجام پاتیں ٭صحابۂ کرام مسجدِ نبوی میں پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی شان میں اشعار پڑھا کرتے ٭اس کے علاوہ اسلامی ریاست کے مختلف امور بھی مسجدِ نبوی میں سر انجام دئیے جاتے تھے جن میں عدالتی فیصلے، قبائلی سرداران کی آمد و رفت، معاشرتی مسائل کا حل، غزوات کی تیاری، مالِ غنیمت کی تقسیم، مملکتِ مدینہ کے احوال کے بارے میں مشاورت وغیرہ وغیرہ شامل ہوتی۔

الحمدللہ روئے زمین کو مساجد سے جگمگانے والی دعوتِ اسلامی ان مساجد کی آباد کاری میں بھی خوب کردار ادا کررہی ہے کہ پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اِنَّ عُمَّارَ بُيُوتِ اللَّهِ هُمْ اَهْلُ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ یعنی اللہ پاک کے گھروں کو آباد کرنے والے ہی اللہ والے ہیں۔(معجم اوسط،2/58،حدیث:2502)

مساجد کی آباد کاری کی خاطر دعوتِ اسلامی کی طرف سے جاری چند ایک کاوشوں کو اس مضمون کا حصہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، ملاحظہ کیجئے!

دارُ السنّہ: مساجد کو 24گھنٹے آباد رکھنے کیلئے دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مراکز میں دارُ السّنہ قائم ہیں جہاں پر 24 گھنٹے مبلغین دعوتِ اسلامی موجود ہوتے ہیں جو کہ آنے والے افراد کو حسبِ حال احکام و فرائض سکھاتے، مختلف کورسز کرواتے اور مدنی قافلوں میں سفر کرواتے ہیں۔

مدارسُ المدینہ بالغان: جو لوگ بچپن میں قراٰنِ پاک کی تعلیم یا درست تعلیم حاصل نہیں کرپائے، ظاہر ہے بڑے ہونے کے بعد ان کا مدرسے میں داخلہ لینا یا ان کو مدرسے میں داخلہ ملنا ایک سمجھ نہ آنے والی بات ہے! تو ایسے افراد کو دعوتِ اسلامی مدرسۃُ المدینہ بالغان کی سہولت میسر کررہی ہے، مدارسُ المدینہ بالغان بھی عموماً مساجد ہی میں لگتے ہیں جہاں بڑی عمر کے افراد تجوید کے ساتھ قراٰن پاک کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

درس و بیان:یوں ہی نمازِ فجر کے بعد تفسیر سننے سنانے کا حلقہ لگایا جاتا ہے جس میں صدر الافاضل حضرت علامہ سید مفتی محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمۃُ اللہِ علیہ کی تفسیر خزائنُ العرفان یا شیخُ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی لکھی ہوئی تفسیر صراطُ الجنان سے درس قراٰن دیا جاتا ہے جبکہ ایک یا ایک سے زائد نمازوں کے بعد فیضانِ سنّت، فیضانِ نماز، غیبت کی تباہ کاریاں وغیرہ کسی کتاب سے درس دیا جاتا ہے۔

بڑی راتوں کے اجتماعات، اعتکاف و عبادات:دعوتِ اسلامی کے تحت گیارہویں، بارہویں، شبِ براءت اور شبِ معراج وغیرہ کے مواقع پر مساجد میں اجتماعات قائم ہوتے ہیں، جن میں درس و بیان کے ساتھ ساتھ مختلف عبادات کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور رات بھر نفلی اعتکاف بھی کیا جاتاہے۔

اجتماعات:دعوتِ اسلامی کے تحت ملک و بیرونِ ملک ہر جمعرات بعد نمازِ مغرب (بعض مقامات پر بعد نمازِ عشا) مختلف مساجد میں ہفتہ وار سنتوں بھرا رونق افروز اجتماع منعقد کیا جاتا ہے جس میں مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے بیان سمیت ذکر و نعت و اجتماعی دعا اور رات بھر کا نفلی اعتکاف بھی کیا جاتا ہے۔

مدنی مذاکرہ:ہر ہفتے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں بعد نمازِ عشا مدنی مذاکرہ منعقد کیا جاتا ہے جس میں عاشقانِ رسول عقائد، عبادات اورمعاملات میں درپیش شرعی مسائل کا حل امیر اہلِ سنّت حضرت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے حاصل کرتے ہیں نیز ہفتہ وار مدنی مذاکرے کے علاوہ بھی مخصوص ایونٹس پر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوتا ہے۔

مدنی قافلے: ملک و بیرونِ ملک لوگوں تک دعوتِ اسلام اور علم دین پہنچانے کیلئے مختلف دورانیے (مثلاً 3دن/ 12دن/ 1ماہ/12ماہ) پر مشتمل دعوتِ اسلامی کے مدنی قافلے راہِ خدا میں سفر کرتے رہتے ہیں، قافلے کے شرکا عموماً مسجد ہی میں قیام کرتے ہیں اور تعلیم و تعلم کے ذریعے مساجد کی رونقیں بحال رکھتے ہیں۔ درس و بیان، فرائض و سنّت کی تعلیم اور نماز کے پریکٹیکل سمیت دیگر تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں مدنی قافلے کی زینت ہوتی ہیں۔

مدنی مشورے:دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے دینی کام کو بہتر سے بہترین کی طرف لے جانے کے لئے ذمہ داران مختلف مواقع پر میٹنگز کرتے رہتے ہیں، یہ میٹنگز بھی عموماً مساجد میں منعقد ہوتی ہیں جن میں دینی کاموں کا جائزہ، ذمہ داران کے مختلف شعبہ جات میں تبادلے و تقرریاں، کام کو مزید احسن انداز میں چلانے کے لئے تجاویز اور مشاورتوں کا سلسلہ ہوتا ہے۔

متفرق علمی و تربیتی سرگرمیاں: اس کے علاوہ عاشقانِ رسول مساجد میں مختلف نوافل مثلاً اشراق، چاشت، تحیۃُ الوضو، تحیۃُ المسجد، اور صلوۃُ التّوبہ ادا کرتے ہیں، مختلف مقامات پر سحری کے اجتماعات منعقد کرکے مساجد کی رونق و آبادکاری کا سامان کرتے ہیں۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment