سردی کے نقصانات سے کس طرح بچ سکتے ہیں؟
-
Date:
Nov 09 2022 -
Writer by:
Social Media Dawat-e-Islami -
Category:
Events
اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں ارشاد فرمایا: ترجمۂ کنز الایمان : وہ دونوں مشرقوں کا رب اور دونوں مغربوں کا رب تو تم دونوں اپنے ربّ کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔(الرحمن،آیت 17) سردی، گرمی، بہار اور خزاں ، ہر موسم اللہ پاک کی نعمت ہے۔دیگر نعمتوں کی طرح ان پربھی ہمیں اللہ کریم کا شکر ادا کرناچاہئے۔اس کے ساتھ ساتھ موسم کے اعتبار سے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنی چاہئیں۔ موسموں کی وجہ سے مختلف لوگوں کے مزاج پر اثر ہوتا ہے۔ بعض لوگ موسم کے اعتبار سے کھانے پینے اور لباس پہننےمیں بےاحتیاطی کرتے ہیں اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوجا تےہیں۔ ہمارا اسلام ہمیں بیماریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیا رکرنے کی تعلیم دیتا ہے۔اس ضمن میں نبیٔ کریم ﷺ کا فرمان ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔آپ ﷺ نے فرمایا : تم جب سونے لگو تو چراغ بجھا دو، دروازے بند کر دو، مشکوں کے منہ باندھ دو اور کھانے پینے کے برتنوں کو ڈھانپ دو۔(بخاری ،ح5624)
سردی کے نقصانات سےبچنے کے لیے درج ذیل تدابیر اختیار کریں
سردیوں میں گرم کپڑے پہنیں، جرابیں
اوردستانوں کا استعمال کریں اور سر، پاؤں ،چہرہ، کو ڈھانپ کر رکھا جائے تو سردی کی
ٹھنڈ ، بخار ، سر درد ، ناک کا بند ہونا
نزلہ، زکام اور کئی دوسری بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ خاص طور پر بزرگوں کو گرم کپڑے پہن اور اوڑھ کر رہنا چاہیئے اور اپنے آپ کو ڈھانپ کر اور جِلد کو خشک ہونے سے بچانا چاہیئے ۔ اسی طرح بچے بھی زیادہ حساس ہوتے ہیں اس لیے انھیں سردی کے مضر
اثرات سے بچانے کے لیے گرم کپڑے پہنائیں اور ڈھانپ کر رکھیں لیکن اتنے زیادہ گرم ملبوسات بھی نہ پہنائیں اور نہ اتنا ڈھانپ کر رکھیں کہ وہ بیمار ہوجائیں ۔کمر درد ،
سردرد جوڑوں اور پٹھوں کے درد سے بچاؤ کے لیئے بھی موسمِ
سرما کی ٹھنڈ اورسرد ہواؤں سے خود کو بچائیے اور گرم کپڑے، دستانوں،جرابوں اور
متوازن غذا کا استعمال کریں ۔
عمامہ شریف باندھیں۔ عمامہ شریف
باندھنے کا ایک طبی فائدہ یہ ہے کہ یہ سر کان اور گردن وغیرہ کو گرمی سردی اور بارش کی
وجہ سے ہونے والے نقصانات سے بچاتا ہے اسی طرح اس کا شملہ حرام مغز کو سردی گرمی
اور موسمی تبدیلیوں سے بچاتا ہے ( عمامے
کے فضائل) ۔موسمِ سرما میں جسم کے درجہ ٔحرارت کو گرم رکھنے کے لیے زیادہ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیونکہ سردیوں میں انسانی جسم زیادہ توانائی خرچ کرتا ہے
۔ مختلف قسم کی سبزیاں ، ساگ، میوہ جات
اور پھل انسان کے جسم میں توانائی کا ایسا ذخیرہ پیدا کرتے ہیں جو قوت مدافعت کو تیز
کرتے ہیں اور جسم کو حرارت مہیا کرتے ہیں۔ ان کا با قاعدگی سے استعمال انسان کو
سردی کے مضر اثرات اور موسمِ سرما کی بیماریوں (winter
diseases) سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس لیے خشک میوہ جات،
گوشت ، مچھلی، انڈا ، کافی، چائے یا
قہوہ ، شہد ،موسم سرما کی سبزیوں اور پھلوں کو روزانہ اپنی غذا کا حصہ
بنائیں۔ سردیوں کے موسم میں پیاس کم لگتی
ہے اس لیے لوگ پانی کم پیتے ہیں ۔لیکن جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے پانی ضروری ہے اس لیئے پانی کا استعمال کم نہ
کریں بلکہ روزانہ آٹھ گلاس پانی ضرور پیئں۔ موسمِ سرما کی ٹھنڈی ہواؤں سے خود کو محفوظ رکھیئے، اگر
کمرہ کو گرم کرنے کے لیے کوئلہ، لکڑیاں وغیرہ
جلانا ضروری ہو تو ان کو کمرے سے باہر کسی
کھلی جگہ جلا کر کمرے میں لائیں ، کیونکہ ان کے دھوئیں سے کاربن مونو آکسائیڈ گیس پیدا ہوتی ہے جو
انسانوں کے لیے مضر صحت ہےاور دھویں سے
سانس کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔ سردیوں میں پیدا ہونے والی جلد کی بیماریوں سے بچنے کے لیے سب سے پہلے غذا پر
توجہ دیں اور پھر، کولڈ کریمیں لوشن اور گلیسرین کا بھی استعمال کریں ۔
(0) comments