blog

عوام و خواص کی شرعی رہنمائی اور دعوتِ اسلامی

  • Date:

    Aug 30 2022
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Events

عِلم والوں سے پوچھو:اللہ پاک اِرشاد فرماتا ہے: ترجمۂ کنزالایمان:تو اے لوگو! علم والوں سے پوچھو اگر تمہیں عِلم نہ ہو۔(پ17،الانبیآء:7) اِس آیت میں نہ جاننے والے کو جاننے والے سے پوچھنے کا حکم دیا گیا کیونکہ ناواقف کے لئے اِس کے علاوہ اور کوئی چارہ ہی نہیں کہ وہ واقف سے دَریافت کرے اور جہالت کے مرض کا علاج بھی یہی ہے کہ عالِم سے سُوال کرے اور اُس کے حکم پر عمل کرے اور جو اپنے اِس مرض کا علاج نہیں کرتا وہ دُنیا و آخرت میں بہت نقصان اُٹھاتا ہے۔ (صراط الجنان،6/287)

عِلم کی چابی: حضرت سیِّدُنا علیُّ المُرتَضٰی کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم سے مَروی ہے:علم خزانہ ہے اور سُوال اس کی چابی ہے، اللہ پاک تم پر رحم فرمائے سُوال کیا کرو کیونکہ سُوال کرنے کی صورت میں چار اَفراد کو ثواب دیا جاتا ہے:(1) سُوال کرنے والے کو (2)جواب دینے والے کو (3)سننے والے اور (4) ان سے محبت کرنے والے کو۔ (الفردوس بماثور الخطاب،2/80،حدیث: 4011)

شرعی راہنمائی کرنے کی بڑی اَہمیت و فضیلت ہے،مگرہر ایک کو یہ مَنصب سنبھال لینے کی اِجازت نہیں، اِسی لئے امیرِ اہل ِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ اپنے مُریدین،متعلقین اور محبین کو اِس بات کی تَرغیب دِلاتے رہتے ہیں کہ ہر ہر مُعاملے میں عُلمائے کِرام سے شرعی راہنمائی لیں،بغیر شرعی راہنمائی کے ایک قدم بھی آگے نہ بڑھائیں۔

دعوتِ اسلامی نے اُمَّتِ مسلمہ کی خیرخواہی کیلئے جہاں بے شمار شعبہ جات قائم کئے ہیں وہاں اُمَّتِ مسلمہ کی شرعی راہنمائی کے لئے بھی مختلف شعبہ جات قائم کئے ہیں ۔ اِن میں سے ایک شعبہ ”مدنی مذاکرہ“ ہے جس میں کثیر افراد مختلف قسم کے موضوعات مثلاً عقائدو اَعمال، فَضائل و مَناقب، شریعت و طریقت، تاریخ و سیرت ، سائنس و طِبّ، اَخلاقیات واِسلامی معلومات،روزمَرَّہ کے مُعاملات اور دِیگر بہت سے موضوعات سے متعلق سُوالات کرتے ہیں اور امیرِ اہلِ سُنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شرعی راہنمائی فرماتے ہوئے جوابات عطا کرتے ہیں۔

آپ دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ فرماتے ہیں: مجھے شروع سے ہی شرعی مَسائل مىں دِلچسپى تھی،اِسی شوق کی وجہ سے مفتیِ اعظم پاکستان مفتى وقارُ الدىن قادری صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ کے پاس میرا آنا جانا لگا رہتا تھا،میں دعوتِ اسلامی بننے سے پہلے بہارِ شرىعت کا دَرس دىتا تھا اور لوگ جو سُوالات کرتے اُن کے جوابات بھی دیتا تھا۔ یوں یہ سلسلہ دعوتِ اسلامی بننے سے پہلے کا چلا آرہا ہے پھر جب دعوتِ اسلامى بنی اس مىں بھى ىہ سلسلہ چلتا رہا، البتہ پہلے اِس کا کوئی نام نہیں تھا ، میری حتَّی الامکان کوشش ہوتی ہے کہ میں یہ سلسلہ عُلَمائے کِرام کی موجودگى مىں کروں تاکہ غلطى ہو جائے تو ان سے اصلاح کروائی جا سکے۔ (ملفوظات امیر اہل سنّت ،قسط 225 ، ص12) اَلحمدُ لِلّٰہ مدنی مذاکروں کا یہ سلسلہ تاحال جاری و ساری ہے اور اِن کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اِن مَدَنی مذاکرات کو”ملفوظاتِ امیر اہلِ سنَّت“کے نام سے تحریری صورت میں بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔ان میں دیگر بہت سا مواد بھی ضرورتاً بڑھایا جاتا ہے ، اب تک ” ملفوظاتِ امیرِ اہلِ سنّت “کی سات جلدوں پر کام مکمل ہو چکا ہے،جن میں سے دو جلدیں چَھپ کر منظرِ عام پر آ چکی ہیں اور بقیہ پانچ جلدیں چَھپنے کے مَراحل میں ہیں۔

دعوتِ اسلامی نے عوام وخواص کی شرعی راہنمائی کے لئے ملک بھر میں مختلف مقامات پر”دارُ الافتاء اہلِ سنَّت“بھی قائم کئے ہیں جہاں مفتیانِ کِرام تحریری، زبانی، فون اور دِیگر ذَرائع سے مسلمانوں کی شرعی راہنمائی کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔تادمِ تحریر ماہانہ کم وبیش ساڑھے سات سو سے زائد فتاویٰ دارُالافتاءاہلِ سنت سے جاری کئے جاتے ہیں اور اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ تحریری فتاویٰ جاری کئے جاچکے ہیں۔ ای میل ایڈریس (darulifta@dawateislami.net) کے ذَریعے ماہانہ کم و بیش 2ہزار سُوالات کے جوابات دیئے جاتے ہیں۔ بذریعہ فون پاکستان، یوکے، یورپ، امریکہ اور دُنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہانہ کم و بیش چار ہزار سے زائدسُوالات کے جوابات دیئے جاتے ہیں۔ ہر ماہ دارُالافتاء اہل سنَّت میں آنے والے سائلین کو بالمشافہ دئیے جانے والے زبانی جوابات کی تعداد کم وبیش دس ہزار ہے۔ دعوتِ اسلامی کے آفیشل پیج اور مدنی چینل کے پیج پر بھی مفتیانِ کرام لائیو سلسلے کے ذَریعے عوام الناس کی شرعی راہنمائی فرماتے ہیں۔ اِس کے علاوہ عوام و خواص کی ضَرورت کے پیشِ نظر وقتاً فوقتاً دارُ الافتاء اہل سنَّت کی جانب سے مختلف کُتب و رَسائل مثلاً” مختصر فتاویٰ اہل سنَّت، اَحکام زکوٰۃ، 27 واجباتِ حج اور تفصیلی اَحکام،نماز میں لقمے کے مَسائل، ویلنٹائن ڈے(قرآن وحدیث کی روشنی میں)،کرسی پر نماز پڑھنے کے احکام“ کا اِجراء بھی کیا جاتا ہے۔

مجلسِ تحقیقاتِ شرعیّہ و شریعہ ایڈوائیزری بورڈ (افتاءمکتب): دعوتِ اسلامی نے عوام وخواص کو پیش آمَدَہ جدید مَسائل کے حل کے لئے ”مجلسِ تَحقیقاتِ شَرعِیَّہ“ جبکہ دعوتِ اسلامی کے جملہ امور کو شرعی اعتبار سے واچ کرنے کے لئے شریعہ ایڈوائیزری بورڈ (افتاءمکتب)بھی قائم کیا ہے جو کہ دعوتِ اسلامی کے جید عُلَمائے کِرام و مفتیانِ عظام پر مشتمل ہے۔ اللہ پاک دعوتِ اسلامی کی اِن کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرماکر مزید ترقی عطا فرمائے ۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment