blog

سوشل میڈیا فرینڈز

  • Date:

    Dec 14 2023
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Islam

فیملی تسبیح کی طرح ہوتی ہے .. تسبیح کے اوپر والا حصہ ہوتا ہے یہ ماں باپ ہوتے ہیں ..جب یہ چلے جاتے ہیں تو اپنے بھائی بہنوں کو جس طرح تسبیح کے دانے بکھرتے ہیں اس طرح بکھرتےدیکھا ہے..جب تک ماں باپ ہیں پہلے تو ان کی برکتیں لینا اور جب یہ چلے جائیں تو یہ دانے بکھرنے مت دینا جوڑ کے رکھنا۔

تھوڑے سے پیسوں کے لیے بھائی بہن لڑتے ہیں۔ تھوڑے کاروبار کے لیے لڑتے ہیں .. قربان کر دو ،کوئی بات نہیں !..بھائی کو تھوڑا زیادہ چلا جائے ..بہن کے گھر ہی تو جا رہا ہے ،جانے دو ۔ہمارے پیارے آقاﷺ نے فرمایا :جس کی3 بیٹیا ں یا3 بہنیں ہوں،یا 2 بیٹیاں یا 2 بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سُلُوک کرے اور ان کے معاملے میں اللہ پاک سے  ڈرے تو اس کے لئے جنت ہے۔(ترمذی)

یہ تیرا ہے یہ میرا ہے نہ کیا کریں ..یہ گھر کی محبتیں آپ کو بہت ساری بیماریوں سے بچاتی ہیں۔ حدیث پاک میں آتا ہے جس کا مضمون ہے "جو چاہتا ہے کہ اس کی زندگی میں اضافہ ہو جائے،عمر میں اضافہ ہو جائے،بری موت سے بچے اسے چاہیے کہ وہ صلہ رحمی کرے"۔صلہ رحمی کیا ہے؟ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ اچھا سلوک اور رشتہ داروں میں سب سے قریبی رشتہ دار بھائی بہن ہیں ، ماں باپ ہیں.،بیوی بچے ہیں ۔ ان کو چھوڑ کر دنیا سے محبتیں جتا رہے ہیں.. نہیں!.. میرے پیارے اسلامی بھائیو ! اپنی بچیوں کے ساتھ اور اپنی بہنوں کے ساتھ بالخصوص اچھا سلوک کرنا..خوش نصیب ہے وہ بھائی ،جو بہنوں کا مان ہے ..خوش نصیب ہے وہ والد جو اپنی بچیوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتا ہے بہنوں کی دعائیں بھائی کو بہت اوپر لے جاتی ہیں ۔

ہمارے یہاں ایک اور نظام ہے کہ جب تک ماں باپ کے ساتھ رہ رہے ہیں تو بھائی بہنوں میں پیار ہے اب بھائی بہنوں میں شادیاں ہو گئیں اور ماں باپ انتقال کرگئے، تو اب عام طور پر لوگ اپنی بہنوں کو نظر انداز کرتے ہیں ...کہتے ہیں کہ اب میں تو اپنی بیوی کو دیکھوں گا..اپنے بچوں کو دیکھوں گا.. اپنی کمائی کو دیکھوں گا.. نہیں!.. اب بھائی کا کام ہے کہ وہ والد کا کردار ادا کرے۔ بہنوں کو یہ احساس دلائے کہ تمہارے ماں باپ چلے گئے ہیں مگر تمہارے بھائی زندہ ہیں۔ ہر مشکل میں تمہارے بھائی تمہارے ساتھ کھڑے ہوں گے..کبھی بہن اکیلی کہیں کسی مشکل میں ہوتو وہ اکیلے میں سوچے کہ میری ماں ہوتی تو میں ماں سے بات کر لیتی، باپ ہوتا تو میں باپ سے کہہ دیتی ..بھائی کو کیا کہوں !...وہ تو سنتا ہی نہیں ہے ۔ ایسے بھائی آج بھی ہیں کہ بہنیں انہیں اپنا دکھ بھی شیئر نہیں کرتیں ..بلکہ بھائیوں کو پڑی ہی نہیں ہے کہ بہن کدھر گئی.. یہ مت کرنا اگر تم اپنے ماں باپ کی روح کو خوش کرنا چاہتے ہو تو بھائی بہن جڑ کے رہو.. بھائی بہنوں میں پیار رکھو.. یہ پیسہ سب کچھ نہیں ہے.. جو کچھ میرے پاس ہے اگر میرے بھائی بہنوں پہ خرچ ہو جائے تو اس سے اچھی کیا چیز ہے۔

یہ یاد رکھیں ..کہ یہ جو سوشل میڈیا پہ ہزاروں فرینڈز بنائے بیٹھے ہیں کہ میرے پانچ ہزارفرینڈز تو میرے دس ہزارفرینڈز..کسی دن بستر پر پڑو گے ..تو ہسپتال میں بستر کے کنارے تمہیں تمہارے بھائی بہن ہی نظر آئیں گے سوشل میڈیا والا تمہارا دوست جس کے ساتھ سارا دن واٹس ایپ گروپ میں چیٹنگ پہ لگے ہوئے ہو..کوئی نظر نہیں آئے گا ..جب تمہارے گھر میں کوئی بچے کامسئلہ ہو گا ..آدھی رات کو .. اگر تمہارے گھر کوئی آکے تمہیں دلاسہ دے گا ..تو وہ تمہارے بھائی بہن ہی ہوں گے۔

جب اسلام نہیں آیا تھا ..تو بہنوں کے حقوق نہیں تھے..ان کو کوئی ورثے میں حق نہیں دیتا تھا..بہنوں کی شادیاں نہیں کرواتے تھے..مگر آج بھی کچھ بدبخت لوگ ایسے ہیں جو بہنوں کے حق دبا لیتے ہیں.. بہنیں تو غمگسار ہوتی ہیں..بہنیں تو بھائیوں کا مان ہوتی ہیں..بہنیں ہوتی ہیں تو گھر میں رونق ہوتی ہیں..بہنوں کو عزت دیا کرو..بہنوں کو پیار دیا کرو۔

اللہ کےحبیب صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں.. ایسا بھی ہوا کہ کچھ لوگوں کے ماں باپ جلدی چلے گئے..اب بھائی پر بہنوں کا بوجھ ہے.. ایک صحابی کے بارے میں آتا ہے..ان کی چھ یا سات بہنیں تھیں اور سبحان اللہ انہوں نے اپنی بہنوں کو باپ بن کر پالا.. ان کے بالوں میں کنگھی بھی کرتے تھے ..اور جب بہنوں کی شادیاں ہو گئیں.. بہنیں بڑی ہو گئیں ..اپنی شادی تاخیر سے کی اور شادی بھی کسی بیوہ سے کی ..پوچھا گیا کہ کیوں بیوہ سے شادی کی ؟کہا ..میری بہنوں کو ایک ماں کی حاجت تھی ..میں جوان لڑکی لے آتا تو بہنوں کا کیا ہوتا ..اللہ اکبر ..یہ صحابہ کا انداز اور آج جو بہنوں کا حق دباتے ہیں ..آج جو بہنوں کو ذلیل کرتے ہیں ..نہ کرنا!.. ہمارا اسلام بہنوں سے محبت کا درس دیتا ہے۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment